جمعرات 27 اگست 2026 - 04:55
علامہ ساجد نقوی کا بچوں کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے سانحے میں معصوم بچوں کے جاں بحق اور جھلس جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اس المناک واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 26 اگست 2026ء کو اپنے ایک بیان میں پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم بچوں کے جاں بحق اور متعدد کے جھلس جانے کے واقعے پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: یہ انتہائی افسوسناک اور دل خراش سانحہ ہے جس نے ہر صاحبِ احساس انسان کو غمزدہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا: اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے والدین اور اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ معصوم بچوں کی المناک موت ان کے اہل خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور اس کرب کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: پمز جیسے بڑے اور اہم سرکاری ہسپتال میں اس نوعیت کا افسوسناک واقعہ انتہائی تشویشناک ہے۔ ہسپتالوں میں زیر علاج مریض خصوصاً بچے اور دیگر نازک حالت کے مریض طبی عملے اور انتظامیہ کی خصوصی توجہ اور مؤثر حفاظتی اقدامات کے مستحق ہوتے ہیں۔ ایسے اداروں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل انتظامات اور حفاظتی نظام کا مؤثر ہونا ناگزیر ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مطالبہ کیا کہ پمز سانحے کی اعلیٰ سطحی، شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں تاکہ واقعے کے اصل اسباب سامنے آ سکیں اور اگر کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا انتظامی ناکامی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کا تعین کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا: مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے ملک بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں بالخصوص ایمرجنسی اور بچوں کے وارڈز میں حفاظتی انتظامات، فائر سیفٹی اور ہنگامی انخلا کے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور جہاں خامیاں موجود ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لیے مغفرت اور بلندیِ درجات جبکہ زخمی اور جھلسنے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha